این سی او سی کی ِ عید کی تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کیلئے جانے والے شہریوں کو کورونا کی ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

64
این ای او سی

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی )نے ِ عید کی تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کیلئے جانے والے شہریوں کو کورونا کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرہجوم جگہ جانے سے گریز کیا جائے، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرکا استعمال یقینی بنایا جائے، جن کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے وہ بوسٹر ڈوز لازماً لگوائیں۔

بدھ کو جاری بیان میں این سی او سی نے عید کے موقع پر سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے افراد کیلئے صحت عامہ کے حوالہ سے ضروری ہدایات جاری کی ہیں جن میں شہریوں پر زو ر دیا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران کورونا سے بچائو کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں، کورونا وائرس کے پھیلائو کا خطرہ چونکہ پرہجوم جگہوں پر زیادہ ہو جاتا ہے لہذا سیاح احتیاط سے کام لیں اور ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرکا استعمال یقینی بنائیں۔

بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اِس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیاحت کیلئے جانے والے تمام افراد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوں اور جن افراد نے اپنی ویکسنیشن مکمل کر لی ہے وہ بوسٹر ڈوز بھی لازمی لگوا ئیں۔شہریوں کو اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے موسمی حالات بالخصوص بارشوں ، ژالہ باری ،آندھی اور دیگر صحت عامہ کے حالات کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی مقامات پر اچانک لوگوں کا ہجوم بڑھ جانے سے وہاں کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس وغیرہ میں قیام و طعام کی سہولتیں ناکافی ہوجاتی ہیں، اِس لئے شہری اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اِس بات کی مکمل تسلی کرلیں کہ جہاں سیاحت کی غرض سے جارہے ہیں وہاں رہنے کی مناسب جگہ اورکھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں اور مناسب داموں پر دستیاب ہوں۔

شہریوں کو طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ والے مقامات سے غیر محتاط طریقے سے گزرنے سے مکمل احتیاط برتنے اور راستے کلیئر ہونے کے بارے میں متعلقہ سرکاری حکام اور اداروں کی ہدایات پرسختی سے عمل پیرا ہونے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔