اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے موسم سرما کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر موسم سرما کی ہنگامی تیاریوں کے حوالے سے پہلی کوآرڈینیشن کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی۔ کانفرنس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے صوبائی و ریاستی اداروں، محکمہ موسمیات، واپڈا ، سپارکو، این ایچ اے، ایمرجنسی سروسز، مسلح افواج، آئی سی ٹی اور ایمرجنسی رسپانس ایجنسیوں / (ریسکیو 1122) کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس کا مقصد تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی قائم کرتے ہوئے سردیوں کے موسم میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے قیمتی جانوں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اور پیشگی لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ تباہی کے خطرے کے پیش نظر باہمی تعاون اور اقدامات میں ہم آہنگ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو روکنے کے لیے جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور عوامی آگاہی کی منصوبوں کو اپنانے پر زور دیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ این ڈی ایم اے مختلف آفات کے خطرے سے دوچار علاقوں میں متعلقہ محکموں کے ساتھ معاونت سے خطے کے لیے مخصوص ہنگامی الرٹ پیدا کرنے کے لیے ممکنہ آفات پر مبنی ’ڈیزاسٹر/ رسک کیلنڈر‘ کی تشکیل پر کام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف علاقوں میں آفات کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر لائحہ عمل مرتب کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تا کہ جامع حکمت عملی کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں فوری مسائل کی تشخیص کے ساتھ امدادی کارروائیوں کا آغاز ہو سکے اور خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی وسائل کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
کانفرنس کے دوران تمام صوبائی اور سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرلز اور ریسکیو ایجنسیوں کے نمائندوں نے موسم سرما سے متعلق تیاریوں اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر منصوبوں کے ساتھ ساتھ خطرے سے دوچار علاقوں کے لیے موجودہ وسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ہنگامی منصوبوں پر موثر عمل درآمد کے لیے ممکنہ ہنگامی حالات کے حوالے سے تربیتی /فرضی مشقیں کرائیں۔ کانفرنس کے اختتام پر موسم سرما کے ہنگامی حالات کے لیے ایک مشترکہ قومی سطح کی تربیتی / فرضی مشق دسمبر 2022 کے پہلے ہفتے کے دوران منعقد کرانے پر اتفاق کیا گیا۔