این ڈی ایم اے کے چیئرمین کی مون سون بارشوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے،آبی ذخائر کی نگرانی اور ممکنہ خطرے کی زد میں آنےوالی آبادیوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت

145

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملک میں مون سون بارشوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور آبی ذخائر کی مسلسل نگرانی و ممکنہ خطرے کی زد میں آنےوالی آبادیوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت کی ہے ۔

ملک میں مون سون بارشوں اور متوقع سیلاب کے امکانات کے حوالے سےنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا خصوصی اجلاس چیئرمین این ڈی ایم اے کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایم ڈی،فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن، پاکستان کمیشن انڈس واٹر، سپارکو، پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں اور سیلاب کے امکانات پر جبکہ ریسکیو 1122 نے ریلیف آپریشن اور ایمرجنسی سامان بشمول 83 کشتیوں کی وصولی پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ چند روز میں ہونے والی بارشوں سے سیلاب کا خدشہ نہیں ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور آبی ذخائر کی مسلسل نگرانی و ممکنہ خطرے کی زد میں آنےوالی آبادیوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایات دیں۔