اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):ایوان بالا نےپاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر مرحوم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پارلیمانی اور جمہوری خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان نے تعزیتی قرارداد پیش کی جومتفقہ طور پر منظور کی گئی ، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سینیٹر تاج حیدر کے افسوسناک انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے جو 8 اپریل 2025 کو 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر تاج حیدر ایک ثابت قدم جمہوریت پسند اور تجربہ کار پارلیمنٹیرین تھے۔ وہ اپنے اصولی موقف، فکری گہرائی اور جمہوری نظریات کے لیے غیر متزلزل وابستگی کے لیے بڑے پیمانے پر قابل احترام تھے۔
وہ ایک نامور ڈرامہ نگار، ریاضی دان، اور ایک ورسٹائل اسکالر بھی تھے جن کی شراکتیں سیاسی دائرے سے باہر بھی تھیں۔قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کی غیر معمولی عوامی خدمات اور علمی خدمات کے اعتراف میں، انہیں 2013 میں صدر پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔ انہیں 2006 میں پی ٹی وی کے بہترین ڈرامہ نگار سیریل کا ایوارڈ بھی ملا، جو ان کی ادبی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر تاج حیدر کا سیاسی سفر 1967 میں اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے سوشلسٹ تحریک میں شمولیت اختیار کی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے بانی ارکان میں سے ایک بن گئے۔ زندگی بھر پارٹی کے نظریے سے وابستہ رہے اور پوری دیانتداری اور لگن کے ساتھ اس کی خدمت کی۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ مارچ 2012-2018 کی مدت کے لیے سینیٹ آف پاکستان کے لیے منتخب ہوئے، اور مارچ 2021 میں موجودہ مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے۔ انتقال کے وقت تک بھی وہ بطور سینیٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق کے چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کے اہم پارٹی عہدے پر فائز رہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اپنے پورے پارلیمانی کیرئیر کے دوران سینیٹر حیدر نے پاکستان کے عوام کے حقوق اور قومی اہمیت کے معاملات کے لیے مسلسل آواز بلند کی، ہمیشہ اصول، عقل اور ہمدردی کی بنیاد پر رہنمائی کی۔ وہ اپنی سوچ کی وضاحت، شائستہ برتا، اور اخلاقی سیاست کیلئے مشہور تھے اور بہت سے نوجوان سیاست دانوں، ادیبوں اور کارکنوں کی رہنمائی کرتے تھے۔
سینیٹ میں ان کی آواز ہمیشہ اصول، استدلال اور ہمدردی کی خوبیوں سے رہنمائی کرتی تھی جس نے انہیں ملک کی سیاسی میں ممتاز کر دیا۔ قوم اور جمہوری گفتگو کے لیے ان کی خدمات کو بڑے احترام اور تحسین کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سوگوار خاندان، دوستوں اور ان کی پارٹی کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مرحوم کی روح پر اپنی لامحدود رحمتیں نازل فرمائے اور ان کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے۔ ایوان نے متفقہ طور پر اس قرارداد کو منظور کر لیا، بعدازاں چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس قرارداد کی ایک کاپی سوگوار خاندان کو بھیجی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582432