13.3 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 15, 2025
ہومزرعی خبریںایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد میں گرین انیشیٹو پاکستان پروگرام کے تحت...

ایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد میں گرین انیشیٹو پاکستان پروگرام کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 14 مارچ (اے پی پی):ایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد میں گرین انیشیٹو پاکستان پروگرام کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔امسال پاکستان میں ہیٹ ویو کے دوران گرمی کی شدت میں بے تحاشہ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے اور آئندہ سالوں میں اس میں مزید اضافہ کے خدشہ کا بھی امکان ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی شدت میں کمی کے لئے عوام درخت لگائیں اور ملک کو سر سبز بنائیں کے سلوگن کے تحت شجر کاری مہم میں بھر پور حصہ لیں۔یہ بات ڈاکٹر ساجد الرحمٰن ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب نے آج کی شجر کاری کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

شجر کاری مہم کے تحت ڈاکٹر قمر شکیل چیف سائنٹسٹ شعبہ بائیو ٹیکنالوجی، ڈاکٹر عابد نیاز چیف سائنٹسٹ شعبہ سائل کیمسٹری اینڈ انوائرمنٹل سائنسز اور ڈاکٹر جاوید احمدچیف سائنٹسٹ شعبہ گندم کے علاوہ شعبہ بائیو ٹیکنالوجی کے زرعی سائنسدانوں، انٹرنشپ طلبا و طالبات، فیلڈ و دفتری عملہ نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں انار، لیموں، امرود اور کھجور سمیت دیگر پھلدار پودے لگائے اور ملک کو سر سبز بنانے اورموسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کے خاتمہ کے لئے دعا مانگی۔

- Advertisement -

اس موقع پرڈاکٹر قمر شکیل چیف سائنٹسٹ شعبہ بائیو ٹیکنالوجی نے عوام کو پنجاب بھر میں مختلف انواع کے درختوں کے علاوہ پھلدار اور آرائشی پودے لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موسم خریف کی شجرکاری میں لگائے گئے پودے نسبتاً زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔ ادارہ کے زرعی سائنسدان گرین ہائس گیسز کے اخراج میں کمی لانے کے لئے تحقیقی کاوشوں میں مصروف عمل ہیں۔ ڈاکٹر قمر شکیل نے کہا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے درختوں کی تعداد میں اضافہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے شجر کاری مہم شروع کی گئی ہے جس میں ادارہ کے تمام سرکاری افسران اور دیگر سٹاف بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ موسم بہار کی حالیہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنایا جائے اور ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے تمام شعبہ جات اس شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ مستقبل میں ہماری آنے والی نسلیں ایک سر سبز، صاف ستھرے اور پر فضا ماحول میں سانس لے سکیں۔

شجر کاری مہم کی تقریب سے ڈاکٹر عابد نیاز چیف سائنٹسٹ شعبہ سائل کیمسٹری اینڈ انوائرمنٹل سائنسز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صدی میں ہونے والی صنعتی ترقی اور اربنائزیشن کے نتیجہ میں فضا میں گرین ہاؤس گیسز کا تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

فضامیں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار 280 پی پی ایم سے بڑھ کر 417 پی پی ایم ہو گئی ہے جسکی وجہ سے گلوبل وارمنگ میں بھی اضافہ ہواہے اور درجہ حرارت میں 1.5ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ نوٹ کیاگیا ہے۔ایک تناور درخت 5 فیملی ممبران کی آکسیجن کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔

اس اہمیت کے پیش نظر موسم بہار کی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں اور انکی بہتر دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس ماحول دوست مہم میں تمام افسران اور دفتری سٹاف شامل ہوکر اپنا قومی فریضہ سرا نجام دیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572541

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں