ایچ ای سی کی طرف سے چینی جامعات میں سکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

146

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے چائنیز گورنمنٹ سکالرشپ پروگرام فار پاکستانی سٹوڈنٹس کے تحت چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے سکالرشپ جیتنے والے طلباء کے اعزاز میں قبل از روانگی تقریب کا انعقاد کیا۔ جمعرات کو ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 2019ء میں اس پروگرام کا آغاز کیا گیا اور اس پروگرام کے تحت پاکستانی طلباء 289 مقرر شدہ بہترین چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے۔ ابھی تک اس پروگرام کے تحت 193 طلباء سکالرشپ حاصل کر چکے ہیں جن میں 40 طلباء نے 2019ء میں، 58 طلباء نے 2020ء میں، 58 طلباء نے2021ء میں اور 36 طلباء نے اس سال اسکالرشپ حاصل کئے۔

تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل، ایڈوائزر گلوبل انگیجمنٹ ایچ ای سی اویس احمد ، ڈائریکٹر جنرل اسکالرشپس ایچ ای سی عائشہ اکرام اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی معاونت پر مبنی طویل تاریخ رکھتے ہیں اور پاکستان مشکل اوقات میں چین کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ ای سی نے چینی شریک کار اداروں کے ساتھ مل کر متعدد منصوبوں پر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک ویب پورٹل کا آغاز کرے گا تاکہ تمام چینی اسکالرشپس تک ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے رسائی یقینی بنائی جاسکے اور پاکستانی نوجوان زیادہ سے زیادہ اس سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ چینی ثقافت کا احترام کریں اور وہاں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں یہ طلباء پاکستانی اور چینی عوام اور حکومتوں کے مابین ایک پُل کا کردار ادا کریں گے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں شراکت داری جاری رکھے گا۔

انہوں نے طلباء کے انتخاب اور سکالرشپ پروگرام کو کامیاب بنانے میں ایچ ای سی کے کردار کی تعریف کی اور طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید استوار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں سیلاب سے پیدا شدہ صورت حال سے واقف ہے اور سیلاب زدگان کی امداد کے لیے کاوشیں جاری رکھی جائیں گے۔ انہوں نے کورونا کے سبب پھنسے طلباء کی مشکلات کے حل کی بھی یقین دہائی کرائی ۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے پروگرام کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پروگرام عوامی اور حکومتی سطح پر رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ایک اہم اقدام ہے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل عائشہ اکرام نے مہمانوں اور طلباء کو ایچ ای سی آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر فارغ التحصیل طالب علم طارق محمود اور اسکالرشپ جیتنے والے طالب علم اسفندیار امجد نے بھی اظہارخیال کیا۔