ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 ، سرفراز احمد اور محمد رضوان کا ٹاکرا شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہوگا

66

کراچی۔19جنوری (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں پاکستان کے دو صف اول کے وکٹ کیپرز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد اور ملتان سلطانز کے محمد رضوان اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے۔ وکٹ کیپنگ کے بعد کپتانی کی مشترکہ ذمہ داری کے باعث ان دونوں کا ٹاکرا شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہوگا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد پاکستان کے سابق کپتان رہ چکے ہیں اورایچ بی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 1189 رنز بناچکے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شمار ان تین ٹیموں میں ہوتا ہے جن کی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں جیت کی شرح 50 فیصد سے زائد ہے۔

اسی طرح ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ہیں جنہوں نے 2021 میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رنز 1326 رنز بنائے اور 119 چوکے اور 42 چھکے داغے اور اس دوران انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 1سنچری اور 12 نصف سنچریاں سکور کیں۔دونوں ٹیمیں اب تک 7 مرتبہ ایونٹ میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں 4 مرتبہ کامیابی کا سہرا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سر سجا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں دونوں ٹیمیں 31 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور 18 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنا ان کے لیے ہمیشہ سے ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے، بلاشبہ ان 6 برسوں میں گلیڈی ایٹرز کو کئی اتار چڑھائو کا سامنا کرنا پڑاتاہم ہر مشکل میں ان کی ٹیم ایک یونٹ بن کر کھڑی اور یہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مستقل مزاجی کا ایک ثبوت بھی ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ انہوں نے ملتان سلطانز کو گزشتہ سال ہی جوائن کیاہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ سے ایک مضبوط حریف رہی ہے، ان کی ٹیم کا اسکواڈ متوازی ہے، جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ 27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے، خواہش ہے اس ایڈیشن میں گزشتہ سال سے بھی بہتر کارکردگی پیش کرسکیں۔