لاہور۔5مئی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی لاہور اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی لاہور نے پی ایس ایل کھیلنے والے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی صحت کے تحفظ کے پیش نظرپی سی ہوٹل کا دورہ کیا ۔ہوٹل کے تمام کچن ،فوڈ پروسیسنگ اور سٹوریج ایریا کی چیکنگ کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ کھلاڑیوں کے ناشتے سے رات کے کھانے تک استعمال ہونے والی اشیا چیک کی گئی ہیں، پی سی ہوٹل میں تعینات فوڈ سیفٹی افسران معیار کو برقرار رکھے ہوئے ہیں، فوڈ ہینڈلنگ، تیاری اور سروِنگ تک معیار اور ہائجین کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔
کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی فوڈ پروٹوکولز اینڈ سٹینڈرڈز پر عمل کیا جا رہا ہے۔ عاصم جاوید نے کہاکہ پنجاب فوڈاتھارٹی پی ایس ایل ٹیموں تک معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائے ہوئے ہے۔کھلاڑیوں کو صحت بخش غذا سے آگاہی کے لیے کھیلتا پنجاب نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ ہمارے کھلاڑی صحت بخش خوراک کھائیں گے تو اچھا پرفارم کریں گے۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب میں خوراک کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592570