اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ ای او بی آئی کی پنشن میں 15فیصد اضافے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ہے ،اس سمری کی منظوری سے پانچ لاکھ پنشنرز کو فائدہ ہوگا،آئندہ بجٹ میں بنیادی تنخواہ میں بھی اضافے کی تجویز دی ہے ، علمی طلب کے مطابق ہم اپنی ورک فورس کو فنی تربیت فراہم کریں گے ، ڈبلیو ڈبلیو ایف کو اس تناظر میں خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے ۔وہ جمعرات کو این آئی آر سی اور آئی ایل او کے اشتراک سے” تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگی "کے عنوان نے انٹر نیشنل کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ،وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز عون چوہدری ، چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کے علاوہ مختلف وفاقی اداروں کے سربراہان، ٹریڈ یونین کے نمائندگان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ورکرز کے بچوں کی جہیز گرانٹ کو چار لاکھ سے پانچ لاکھ ، ورکرز کی ڈیتھ گرانٹ آٹھ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کی ہے ، ای او بی آئی کی جانب سے پندرہ فیصد اضافہ کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ہے، اس سے پانچ لاکھ پنشنر کو فائدہ ہوگا ،آئندہ بجٹ میں بنیادی تنخواہ بڑھانے کی تجویز دی جائے گی ، ان تمام اقدامات کا مقصد اجیرکے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مختلف ممالک کے ساتھ مزدوروں کو صحت سمیت ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طلب کے مطابق ہم اپنے لوگوں کو تربیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایل او سمیت عالمی اداروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو تکنیکی تعلیم پر منتقل کریں ، آئی ایل او کے کنونشن کے اصولوں پر مکمل عمل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے چیئرمین این آئی آر سی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار بہت اچھا رہا، محدود وسائل کے باوجود وہ اس ادارے کو بہتر بنانے کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، چیئرمین این آئی آر سی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس ادارے کو ورکر دوست بنانا چاہتے ہیں، این آئی آر سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت سے درخواست گزاروں کو بہت سہولت ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایل او اور این آئی آر سی کے ساتھ مل کر ادارہ جاتی فریم ورک بنانے کی ضرورت ہے تا کہ پاکستان میں ورکرز اور لیبر کے لئے ایک اچھا ماحول بنا سکیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590976