اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے درآمدی یوریا کے 50کلو بیگ کی ڈیلرٹرانسفر قیمت 2340 روپے مقررکرنے کی اجازت دیدی، درآمدی یوریا کی سبسڈی میں صوبے 50 فیصد کی ساجھے دارہوں گے، اجلاس میں وزارت ریلویز کے بزنس پلان کیلئے پالیسی کامسودہ تیارکرنے کیلئے بین الوزارتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس بدھ کویہاں وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیرتجارت سید نویدقمر، وزیر صنعت وپیداوارسیدمرتضیٰ محمود،معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ،معاون خصوصی محصولات طارق محمودپاشا، وفاقی سیکرٹریز اورسینئرافسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیٹرولئیم ڈویژن کی جانب سے سرکاری شعبہ کے تین آرایل این جی پلانٹس قائداعظم تھرمل پاورپلانٹ، بلوکی پاورپلانٹ اورحویلی بہادرشارہ پاورپلانٹ سے بجلی کی خریداری اورگیس کی فراہمی سے متعلق تین معاہدوں سے متعلق سمری پیش کی گئی۔بین الاقوامی معاشی حالات اورعالمی منڈی میں آرایل این جی کی قیمت میں بے مثال اضافہ کے تناظرمیں ای سی سی نے خریداروں اورسپلائرز دونوں کے مفاد میں 33 فیصد کی شرح سے خریداری اورادائیگی کی منظوری دیدی، ای سی سی نے جی ایس ڈی اورجی ایس اے کے تحت فی پاورپراجیکٹ 15 ارب روپے فکس کرنے کی اجازت بھی دی۔اجلاس میں درآمدی یوریا سے متعلق وزارت صنعت وپیداوارکی سمری پرای سی سی نے 50کلو یوریا بیگ کی 2340 روپے ڈیلرٹرانسفر پرائس مقررکرنے کی اجازت دیدی۔
ملکی مارکیٹ میں یوریا کی قیمتوں میں استحکام کے پیش نظرای سی سی نے عبوری طورپرکراچی پورٹ ٹرسٹ سے 594 روپے فی بیگ اورگوادرپورٹ سے 1008 روپے فی بیگ انسیڈینٹل چارجز مقررکرنے کی بھی منظوری دیدی، ای سی سی نے ہداہت کی کہ درآمدی یوریا کی سبسڈی میں صوبے 50 فیصد کی ساجھے دارہوں گے۔اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی جانب سے بینک آف خیبرکو مارک اپ کی ادائیگی سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کیلئے 80.988 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی، اس گرانٹ سے ایچ ای سی کیلنڈرسال 2022کی دوسری، تیسری اورچوتھی سہ ماہی کیلئے بینک آف خیبرکے واجب الادا مارک اپ کی ادائیگی کرے گا۔
ای سی سی نے اصولی طورپرفنڈز کی فراہمی کی منظوری دی اور 15 فروری 2023 تک لین دین کومکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزارت ریلویز کی جانب سے بزنس پلان سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے اس ضمن میں بین الوزارتی کمیٹی قایم کردی جس میں تمام متعلقہ ڈویژنز کے وفاقی سیکرٹریز شامل ہیں، وفاقی وزیرقانون وانصاف کمیٹی کی قیادت کریں گے، کمیٹی اس ضمن میں پالیسی کا مسودہ تیارکرے گی۔اجلاس میں ضلع مظفرگڑھ میں بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر،مرمت اوربحالی کیلئے 50 کروڑ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔