ای سی سی نے وزیراعظم کسان پیکج کی منظوری دیدی،پی ایس او کے علاوہ دیگرآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نومبرکے مہینہ کیلئے ہائی سپیڈ ڈیزل پرپریمیم کی اجازت دیدی

183
وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار کا ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کا دورہ،بورڈ کے سینئر افسران سے ملاقات

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کسان پیکج کی منظوری اور پی ایس او کے علاوہ دیگرآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نومبرکے مہینہ کیلئے ہائی سپیڈ ڈیزل پرپریمیم کی اجازت دیدی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس پیرکویہاں وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء خرم دستگیرخان، وزیرمملکت عائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت پیٹرولئیم مصدق مسعودملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے رابطہ کاررانااحسان افضل، وفاقی سیکرٹریز، چئیرمین ایف بی آر اوردیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت پیٹرولئیم کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل / گیس آئل پریمیم سے متعلق سمری پیش کی گئی، اجلاس کوبتایاگیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں اورگندم کی کاشت کی سیزن کی وجہ سے ہایئی سپیڈ ڈیزل کی طلب میں نمایاں اضافہ ہواہے، ملک میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی سہل اورہموارفراہمی کویقینی بنانے کیلئے ای سی سی نے پی ایس او کے علاوہ دیگرآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نومبرکے مہینہ کیلئے ہائی سپیڈ ڈیزل پرپریمیم کی اجازت دیدی تاہم اسے زیادہ سے زیادہ 16.75 ڈالربی بی ایل سے مشروط کردیا گیاہے،

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے لارج سکیل سولرپی وی سی پراجیکٹس کیلئے معیاری سیکورٹی پیکج ایگری منٹس کی اجازت بھی دی گئی، ای سی سی نے متبادل توانائی بورڈ اورسی سی پی اے جی کواملی مینٹشین ایگری منٹ اورانرجی پرچیز ایگری منٹ میں مشروط ترامیم کی منظوری کی اجازت بھی دی۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کسان پیکج سے متعلق سمری کی منظوری دی گئی، اس پیکج میں زرعی قرضوں کاحجم 1419 ارب روپے سے بڑھا کر1802 ارب روپے کرنے اورڈی اے پی کی قیمت 13750 روپے سے کم کرکے 11250 روپے کرنا شامل ہے، علاوہ ازیں تین لاکھ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی بھی اس پیکج کاحصہ ہے۔

ای سی سی نے کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کانام وزیراعظم یوتھ بزنس اورایگری کلچر لون سکیم کرنے سے متعلق وزارت خزانہ کی تجویز کی منظوری بھی دی۔نئی سکیم کے تحت چھوٹے قرضے اورزرعی قرضے اس پروگرام میں اضافی رکھے گئے ہیں۔

اجلاس میں سٹریٹجک پلان ڈویژن کی جانب سے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اورسٹیٹ انجنئیرنگ کارپوریشن کی زمین کو ہیوی میکینیکل کمپلیکس اورایچ ایم سی تھری کو ٹرانسفرکرنے سے متعلق سمری پیش کی گئی، اجلاس کوبتایا گیا کہ ایچ ای سی کی نجکاری کیلئے اراضی کافیصلہ ضروری ہے، ای سی سی نے تفصیلی مشاورت کے بعد ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اورسٹیٹ انجنئیرنگ کارپوریشن کی زمین کو ایچ ایم سی اورایچ ایم سی تھری کوٹرانسفرکرنے کی اجازت دیدی۔

اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کی جانب سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالیاتی معاہدہ کے باقی رقم (روپیہ کور) کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق سمری کی منظوری بھی دی گئی۔