راولپنڈی ۔8اکتوبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 کارروائیوں میں 68 لاکھ روپے مالیت کی 37.183 کلوگرام منشیات برآمدکرکے 13 ملزمان گرفتار کر لیے۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 4 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔اولڈ شجا آباد روڈ ملتان پر یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام آئس برآمدکی گئی۔ فیصل آباد میں یونیورسٹی کے قریب 667 گرام افیون اور 1.128 کلو گرام چرس برآمد کر کےملزم گرفتارکیا گیا۔ پنڈی روڑ کوہاٹ پر واقع کالج کے قریب ملزم سے 310 گرام چرس برآمدکی گئی۔
کھنہ پل ایکسپریس وے اسلام آباد سے افغان باشندے سے 150 ایکسٹیسی گولیاں برآمدکی گئیں۔ اعظم بستی قیوم آباد کراچی کے قریب 2 ملزمان سے 600 گرام چرس برآمدکی گئی۔حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 4.8 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 478 گرام 60 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ ایبٹ آباد میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے زنانہ جوتوں سے 700 گرام آئس برآمد کی گئی۔ سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب 16.8 کلو گرام چرس اور 4.8 کلوگرام افیون برآمدکرکے دو ملزمان گرفتارکیے گئے۔ کشروٹ روڈ گلگت پر گاڑی سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمدکرکے2 ملزمان گرفتارکیے گئے۔ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=509745