اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 3 خواتین سمیت 7 ملزمان گرفتار

81
ANF ​​action
ANF ​​action

راولپنڈی۔17فروری (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس (اے این ایف )نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 6 کارروائیوں میں 3 خواتین سمیت 7 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ24گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 93 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 33.839 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 6.712 جذب شدہ آئس برآمد کی گئی ۔پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے جوتوں میں چھپائی گئی 327 چرس برآمد کی گئی۔چنیوٹ میں بھوانہ کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو گرام افیون اور 4.8 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر کار میں چھپائی گئی 4 کلو گرام ہیروئن اور 4 کلو گرام آئس برآمد کر کے خاتون سمیت دو ملزم گرفتار کیے گئے ۔پشتخارہ چوک پشاور کے قریب کار کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی 6 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب مسافر بس میں سوار دو خواتین سے 2 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔