اے پی این ایس کی سہیل علی خان کو بطور سیکرٹری (انچارج) وزارت اطلاعات و نشریات تقرری پر مبارکباد،

133

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے سہیل علی خان کو بطور سیکرٹری (انچارج) وزارت اطلاعات و نشریات تقرری پر مبارکباد دی ہے۔ اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سرمد علی کی جانب سے ہفتہ کو لکھے گئے خط میں انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے تمام اراکین، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور عہدیداروں کی جانب سے سہیل علی خان کو بطور سیکرٹری (انچارج) وزارت اطلاعات و نشریات تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے ان کی سیکرٹری شپ میں پرنٹ میڈیا کے مسائل حل ہوں گے اور وہ حکومت کے میڈیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

سرمد علی نے اپنے خط میں پرنٹ میڈیا کے حل طلب مسائل پر توجہ بھی مبذول کر واتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسائل کافی عرصہ سے حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں حکومت کی اشتہاروں کے ریٹس میں پچاس فیصد اضافہ بھی شامل ہے، سرکاری اشتہارات کے نرخ 2017 ء سے نہیں بڑھائے گئے ہیں۔

سیکرٹری جنرل اے پی این ایس نے سیکرٹری ( انچارج) اطلاعات و نشریات کی توجہ حکومت کے اشتہارات میں پرنٹ میڈیا کی شرح میں اضافہ اور طویل مدت سے زیرالتواء ادائیگیوں کی جانب مبذول کراتے ہوئےکہا کہ ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے پرنٹ میڈیا کو مالیاتی مشکلات کا سامنا ہے۔ اے پی این ایس نے اپنے خط میں ملک اور میڈیا کے مفاد میں سیکرٹری (انچارج) وزارت اطلاعات و نشریات سہیل علی خان کو ہر طرح کے ممکنہ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔