بائیسواں فیفا ورلڈ کپ ،دفاعی چیمپئن فرانس کا گروپ ڈی میں آسٹریلیا کو ہرا کر فاتحانہ آغاز

172

دوحہ۔23نومبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن فرانس نے آسٹریلیا کو 22 ویں فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں ہرا کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔دفاعی چیمپئن فرانس نے آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی اور گروپ ڈی میں تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

ایڈرین ریبیوٹ،اولیور گیروڈ،کیلین ایمباپے اور اولیور گیروڈ نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

الجنوب اسٹیڈیم، الوقرہ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کےآٹھویں میچ میں گروپ ڈی کی ٹیمیں دفاعی چیمپئن فرانس اور آسٹریلیا آمنے سامنے تھیں جس میں دفاعی چیمپئن فرانس نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

آسٹریلیا کے کریگ گڈون نے میچ کے نویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فرانس کے خلاف 0-1 کی برتری دلادی ،اس کے بعد دفاعی چیمپئن فرانس کی ٹیم اپنا روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم پر حاوی ہوگئی اور فرانس کے ایڈرین ریبیوٹ نے میچ کے 27ویں اور اولیور گیروڈ نے 32 ویں منٹ میں ایک ایک گول کر کے آسٹریلیا کے خلاف 1-2 گول کی برتری حاصل کرلی، یوں میچ کے پہلے ہاف پر فرانس کو آسٹریلیا کے خلاف 1-2 گول کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں بھی دفاعی چیمپئنز حریف آسٹریلوی ٹیم پر حاوی رہے اور کیلین ایمباپے نے 68 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا جس کو اولیور گیروڈ نے بڑھاتے ہوئے میچ کے 71 ویں میں ایک گول کر کے 1-4 کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہا۔

اس طرح دفاعی چیمپئن فرانس نے گروپ ڈی کے میچ میں آسٹریلیا کو 1-4 گول سے ہرا کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ فرانس کے کھلاڑی اولیور گیروڈکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔