بابا گرونانک یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی بلکہ دنیا بھر کے سکھوں کو فائدہ ہوگا، وزیر اعلی پینجاب عثمان بزدار

86

ننکانہ صاحب۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بابا گرونانک یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی بلکہ دنیا بھر کے سکھوں کو فائدہ ہوگا، پنجاب حکومت نے صوبے میں 8 نئی یونیورسٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بابا گرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بابا گرونانک یونیورسٹی تین مراحل میں مکمل ہوں گی جس پر 6 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا ایجنڈا ہے اور پنجاب حکومت نے ایک سال کے قلیل عرصے میں 8 جامعات اور 5 انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوںنے کہاکہ یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی بلکہ دنیا بھر کے سکھوں کو فائدہ ہوگا۔عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں جامعات کے لیے 7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس سے 21 منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اراضی سے متعلق ریکارڈ سینٹر رواں برس کے آخر میں مکمل ہوجائیں گے۔حکومت پنجاب نے 70 کروڑ روپے کی خطیر رقم اقلیتی بھائیوں کے لیے مختص کئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اقلیتی برادری کو جو آزادی پاکستان میں حاصل ہے وہ انہیں جنوبی ایشیا میں کہیں اور حاصل نہیں۔ ننکانہ صحب میں صحت کارڈ تقسیم ہو چکے ہیں جن سے 28 ہزار افراد کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ جیل اور ڈسٹرک پولیس لائن بھی تعمیر کی جائے گی