بابراعظم دوٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے، تیز ترین 8ہزار ٹی ٹونٹی رنز بنا کر دنیا کے دوسرے بیٹرکااعزاز بھی اپنے نام کر لیا

بابراعظم دوٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے، تیز ترین 8ہزار ٹی ٹونٹی رنز بنا کر دنیا کے دوسرے بیٹرکااعزاز بھی اپنے نام کر لیا

کراچی۔22ستمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مجموعی طورپر ٹی ٹونٹی میچز میں تیز ترین 8ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے بیٹر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

بابراعظم نے جمعرات کو کراچی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔بابراعظم 110رنز بنا کرناقابل شکست رہے،بابراعظم کی اننگز میں 5چھکے اور 11 چوکے شامل تھے ،بابراعظم نے اس سے قبل 2021میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں 122رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ بابراعظم نے مجموعی طور پر ٹی ٹونٹی میچز میں 8ہزار رنز بھی مکمل کرلئے ہیں، وہ تیز ترین 8ہزار رنز بنانے والے کرس گیل کے بعد دوسرے بیٹر ہیں۔

بابراعظم نے 227میچز کی 218اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ کرس گیل نے 217میچز کی 213اننگز میں 8ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر کے تاریخ رقم کی تھی اوربھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے 243اننگز میں 8ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کئے تھے۔