بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بیٹر ہیں ، بطور کھلاڑی وہ ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ، ذکاء اشرف

Zaka Ashraf
Zaka Ashraf

راولپنڈی۔24نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بیٹر ہیں ، بطور کھلاڑی وہ ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نے جمعہ کے روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔

اس موقع پر چیف سلیکٹر وہاب ریاض بھی موجود تھے ۔ ذکاء اشرف نے قومی ٹیم سے دورہ آسٹریلیا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ملک کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، ہماری سپورٹ ہر وقت آپ کے ساتھ ہے۔ ذکاء اشرف نے سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی شاباش دی، انہوں نے ٹیم مینجمنٹ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔