بارشوں اور سیلاب کی صورتحال نے ملکی معیشت خصوصاً زراعت کو بہت نقصان پہنچایا، سید نوید قمر

122

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال نے ملکی معیشت خصوصاً زراعت کو بہت نقصان پہنچایا۔وزیر اعظم کی جانب سے سندھ میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے قائم کردہ رابطہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس چیف سیکریٹری سندھ آفس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، صوبائی محکموں کے سیکریٹریز، این ایچ اے ، این ڈی ایم اے ،واپڈا اور پی ڈی ایم اے حکام نے شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال نے ملکی معیشت خصوصاً زراعت کو بہت نقصان پہنچایا۔مستقبل میں اس صورتحال سے بچنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ صوبائی حکومت سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے اپنے منصوبے وفاقی حکومت کو بھجوائے ، ان منصوبوں کی بروقت منظوری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مون سون بارشوں کے لیے جو بھی ہنگامی منصوبہ بنائے اسے وفاقی حکومت کے ساتھ شیئر کیا جانا چاہیے،وفاقی حکومت صوبائی حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی،مسائل اس کمیٹی کے ذریعے بھجوائے جائیں تاکہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کرسکیں۔