باغ،پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کاخوبانی اور نیمبو کے پودے لگا شجرکاری مہم کا افتتاح

121

باغ۔ 19 مارچ (اے پی پی):گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن باغ کے زیر اہتمام سالانہ شجر کاری کا افتتاح پرنسپل ڈاکٹر محمد طارق خان نے خوبانی اور نیمبو کے پودے لگا کر کیا۔ اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی، پرنسپل ادارہ ڈاکٹر محمد طارق خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ میں سالانہ 2025ء شجر کاری مہم کے سلسلہ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے یہ پورا ہفتہ ادارے کا دفتری اور تدریسی سٹاف شجر کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنے اپنے حصہ کا کم از کم ایک پودا لگائے گا اور پھر اس کی نگہداشت کا بھی ذمہ دار ہو گا۔عالمی سطح پر اس وقت تیزی سے ماحولیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اس کے تدارک کا واحد اور موثر ترین حل شجر کاری ہے۔

ادارہ ہر سال اپنے محدود وسائل اور سٹاف ادارہ اپنے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے شجر کاری کا اہتمام کرتا ہے، گزشتہ سال بھی ادارہ کی طالبات اور سٹاف نے پھل دار درختوں کے علاوہ کیچن گارڈننگ کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے ہفتہ شجر کاری بھر پور انداز میں منایا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس بار بھی ہم ہفتہ شجر کاری مہم کو روایتی طریقے سے منائیں گے اور طالبات اور سٹاف میں گرین کشمیر کے شعور کو اجاگر کیا جائے گا۔