فیصل آباد۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):باغبانوں کو آم کے درختوں پرموجود غیر ضروری بور ختم کرنے کامشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ باغبان حضرات فوری طور پر غیر ضروی بور کاٹ کر ختم کر دیں اور درختوں کی جڑوں کے ساتھ تنے تک چونا لگانے کے علاوہ بروقت کھادکی فراہمی اور گوڈی بھی یقینی بنائیں تاکہ آ م کے درختوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹرپلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت فیصل آباد اسرار ارشدنے کہاکہ آم کے پودوں اور درختوں کی بہتر نگہداشت سے جہاں پودوں کو مختلف ضرررساں کیڑوں اور بیماریوں کے حملے سے محفوظ رکھا جاسکتاہے وہیں پھل کی صحت مند فصل بھی حاصل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ دنیا بھر کے ممالک میں پاکستان کے انتہائی خوش ذائقہ اور بھر پور لذت کے حامل آموں کی زبردست مانگ ہے لیکن باغبانوں کے پاس مناسب سہولیات نہ ہونے سے آم کی بہت بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر باغبان جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تو انہیں آم کے بہتر دام مل سکتے ہیں اور برآمد کنندگان یہ آم مختلف ممالک کو ایکسپورٹ کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=519273