بجلی کے مقامی اور قابل تجدید ذرائع کو بروئے کار لانے سے توانائی کے تحفظ کے معاملے میں ملک خود کفیل ہوگا ،وزیراعظم شہباز شریف

187

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کی تمام سرکاری عمارتوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے انقلابی اقدام سے درآمدی بل کو کم کرنے اور سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی، بجلی کے مقامی اور قابل تجدید ذرائع کو بروئے کار لانے سے توانائی کے تحفظ کے معاملے میں ملک خود کفیل ہوگا اور عام آدمی کو بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کیا جا سکے گا۔

منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے سولرائزیشن کے منصوبے کے پہلے قدم کے طور پر اپریل 2023 تک ملک بھر میں وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کی تمام سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس انقلابی اقدام سے توانائی کے درآمدی بل کو کم کرنے اور سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی سیکرٹریز کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کو مکمل کرنے کے لیے فعال قیادت کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پورے عمل کی شفافیت، پری کوالیفیکیشن اور تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے گا، ہم سرکاری ملازمین کی محنت کا اعتراف کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ درآمدی توانائی کی لاگت تقریباً 27 بلین ڈالر سالانہ ہے، اس پر انحصار غیر پائیدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے مقامی اور قابل تجدید ذرائع سے فائدہ اٹھانے پر حکومت کی توجہ سے توانائی کے تحفظ کے معاملے میں ملک کو خود کفیل بنانے اور عام آدمی کو بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔