بجٹ 2021 – 22 ،ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے، اب ہم اقتصادی حوالے سے گروتھ کی جانب گامزن ہوں گے۔وزیر خارجہ

129

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بجٹ 2021 – 22 سے واضح ہو گیا کہ ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے، اب ہم اقتصادی حوالے سے گروتھ کی جانب گامزن ہوں گے۔جمعہ کو بجٹ 2021 – 22 کے حوالے سے پارلیمنٹ کی راہداری میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس بجٹ سے عیاں ہے کہ ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے اور اب ہم نے گروتھ کی طرف جانا ہے، اس بجٹ میں مراعات اور رعایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متوسط طبقے کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے اور غریب طبقے کیلئے بہت سی نئی سکیموں کا اعلان کیا گیا ہے، لوگوں کو اپنے گھر کا مالک بنانے کیلئے پالیسی مرتب کی گئی ہے اور رقم مختص کی گئی ہے، اس بجٹ میں کسانوں کیلئے بہت سی مراعات ہیں جن میں بلاسود قرضوں کی فراہمی شامل ہے تاکہ زراعت کا شعبہ مزید ترقی کرے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہاوسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ یہ "ایکسپورٹ لیڈ گروتھ بجٹ” ہو جبکہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں آپ دیکھیں گے کہ ہم اقتصادی حوالے سے گروتھ کی جانب گامزن ہوں گے۔