برآمدات کے فروغ کے لیے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی،چیف کلکٹر کسٹمز

لاہور۔21فروری (اے پی پی):چیف کلکٹر کسٹمز، اپریزمنٹ پنجاب محمد صادق نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم (ای ایف ایس) کو پوری ٹیکسٹائل ویلیو چین تک توسیع دینے پر کام کر رہا ہے جس کے لئے اسٹیک ہولڈرز کی ایک کمیٹی پہلے ہی تشکیل دی گئی ہے۔

وہ بدھ کو اپٹما ممبران سے برآمدات اور کسٹمز سے متعلق دیگر امور پر ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر کلکٹر کسٹمز لاہور عظمت طاہرہ، ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز نازیہ سلیم اور ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ارم سہیل بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں۔

اس موقع پر چیئرمین اپٹما نارتھ کامران ارشد، سینئر ممبران انجم ظفر، فیصل پرویز اور سیکرٹری جنرل اپٹما رضا باقر سمیت دیگر ممبرز بھی موجود تھے۔ کلکٹر کسٹمز نے آپٹما کو یقین دہانی کرائی کہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم میں اور کسٹم کے دیگر طریقہ کار میں موجود تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، برآمد کنندگان کو برآمدات کو فروغ دینے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کرنے میں ان کی مدد کرکے ان کی سہولت کے لیے رسمی کارروائیاں کی جائیں گی۔ بالعموم اور بالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری میں برآمدات کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

انہوں نے سکیم میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے ساتھ نظام سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ اپٹما کی طرف سے اٹھائے گئے زیادہ تر مطالبات حقیقی ہیں، جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی برآمدات کو آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے ویلیوایشن رولز کو معتدل بنانے کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھنے کا یقین دلایا۔