برازیلین ٹیم کے کپتان نیمار زخمی ، آئندہ میچز میں شرکت مشکوک

ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا سپر 16 رائونڈ کل سے شروع ہوگا

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی): برازیلین فٹ بال ٹیم کے کپتان نیمارقطر میں جاری فیفا ورلڈکپ2022 میں سربیا کے خلاف گروپ جی کے میچ کے دوران پاؤں میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی آئندہ میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔میچ کے دوران مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے ٹکرانے کے بعد نیمار کے دائیں ٹخنے میں موچ آئی جس کے باعث انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔

برازیل کی فٹبال ٹیم کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ نیمار کے ٹخنے میں موچ آئی ہے، انہوں نے کہا کہ سٹار پلیئر کا علاج شروع کردیا ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں ان کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد پتا چلے گا کہ وہ مزید میچز کھیل پائیں گے یا نہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انجری کی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، ہمیں امید ہے کہ نیمار فٹبال ورلڈ کپ میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔واضح رہے کہ برازیل نے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں اچھا آغاز کرتے ہوئے حریف ٹیم سربیا کو 0-2 گول سے شکست دی ہے۔ برازیلین ٹیم اپنا گروپ جی کا دوسرا میچ 28 نومبر کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف دوحہ میں کھیلے گی۔

برازیلین فٹ بال ٹیم کے کوچ ٹائٹ کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ نیمار جلد فٹ ہوکر میدان میں نظر آئیں گے۔نیمار کو برازیل کے لیے پیلے کے 77 کے آل ٹائم ریکارڈ کی برابری کرنے کے لیے صرف دو گول درکار ہیں۔نیمار کے ٹخنے میں موچ کا جمعہ کو معائنہ کیا جائے گا۔