براہ راست مدینہ پہنچنے والے عازمین  حج کی مکہ مکرمہ واپسی کا عمل شروع ہو گیا،وزارت مذہبی امور

48
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

مدینہ منورہ۔14جون  (اے پی پی):حج 2022 کے تحت سرکاری سکیم کے  براہ راست مدینہ پہنچنے والے عازمین کی مکہ مکرمہ واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ منگل کی رات تک 1300 پاکستانی عازمین مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرے کی سعادت حاصل کریں گے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر اب تک 14 ہزار سے زائد عازمین پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں ، براہ راست مدینہ منورہ   17214 پاکستانیوں کو مجموعی طور پر 38 پروازوں کے ذریعے 15 جون تک حجاز مقدس پہنچا دیا جائے گا ۔ مدینہ منورہ کے لیے حج فلائٹ آپریشن 6 جون سے شروع ہوا تھا جو پندرہ جون  تک مکمل کر لیا جائے گا ،اس کے بعد پاکستان سے جدہ کے لئے حج پروازیں 16 جون سے شروع ہونگی۔

واضح رہے کہ رواں سال سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے ذریعہ مجموعی طور پر 81132 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے ۔ جن میں سے  60 فیصد پرائیویٹ اور 40 فیصد سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے ۔