راولپنڈی۔13اکتوبر (اے پی پی):پاک فوج کی ٹیم نے 4 سے 13 اکتوبر 2024 تک برطانیہ کے شہر ویلز میں منعقد ہونے والی مشق’’ کیمبرین پٹرول 2024 ‘‘ میں حصہ لیا اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس سال مشق کیمبرین پٹرول نے اپنے 65 ویں سال کا جشن منایا۔ مشق نے اپنے مطلوبہ پیشہ ورانہ معیارات کو برقرار رکھا ہے۔ اس مشق کے دوران دنیا بھر سے گشت کرنے والوں کو حکمت عملی کے ساتھ دشوار گزار علاقوں میں جانا پڑتا ہے، 48 گھنٹوں کے اندر 60 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے اور ایک مسابقتی ماحول میں خصوصی ٹاسک کو پورا کرنا پڑتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سال 42 ممالک کی 128 ٹیموں نے مشق میں حصہ لیا اور ان تمام ٹیموں میں سے پاک فوج کی ٹیم نے مشق میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسے گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ یہ پوری قوم اور پاک فوج کے لئے فخر کا لمحہ ہے جو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کے اعلیٰ ترین معیار کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔ الحمدللہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کا پرچم بلند رکھا ہے۔