دبئی۔14فروری (اے پی پی):برکس نیو ڈویلپمنٹ بینک کی صدر دلما روسیف نے کہا ہے کہ برکس ممالک کا 2028 تک عالمی جی ڈی پی میں حصہ جی۔ 7 ممالک سے زیادہ ہوجائے گا۔
تاس کے مطابق دلما روسیف نے دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں کہاکہ عالمی جی ڈی پی میں دنیا کی پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس (برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ) کا حصہ 2028 تک 35 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد جبکہ جی۔ 7 ممالک کا حصہ کم ہو کر 27.8 فیصد ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت میں ترقی پذیر ممالک کا حصہ 2016 میں 37 فیصد سے بڑھ کر 2022 میں 41 فیصد ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ معیشتوں والے ممالک اس کے برعکس اپنی پوزیشن کھو رہے ہیں کیونکہ عالمی برآمدات میں ان کا حصہ 62 فیصد سے کم ہو کر 58 فیصد رہ گیا ہے۔