ڈیرہ غازی خان ۔ 29 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز ملٹری نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس لائن، ڈی پی او آفس اور سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔پولیس لائن آمد پر انہیں چاق و چوبند دستے نے سلامی دی جبکہ انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور پودا لگا کر سرسبز پنجاب وژن سے وابستگی کا اظہار کیا۔ سیف سٹی پراجیکٹ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں جدید نگرانی نظام پر بریفنگ دی گئی، جسے انہوں نے شہری تحفظ کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔
برگیڈیئر بابر نے تحفّظ اینڈ میثاق سینٹر کا بھی دورہ کیا اور خواتین، بچوں اور شہریوں کے تحفظ کے اقدامات کو سراہا۔ بعد ازاں ڈی پی او آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کرائم کنٹرول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی اور کرپشن کے خاتمے پر زور دیا۔انہوں نے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت پر مبنی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔دورے کے دوران ان کے ہمراہ سٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی، میجر( ر)نوید اسلم اور کوآرڈینیٹر عمر فاروق بھٹی بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603020