35.5 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںبلاول بھٹو زرداری مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی...

بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے وادی کے تین روزہ دورے پر مظفر آباد پہنچ گئے

- Advertisement -

مظفرآباد۔21مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے وادی کے تین روزہ دورے پر آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد پہنچ گئے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں G-20 اجلاس منعقد کرنے کے خلاف اور بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے کی خاطراتوار کو بلاول بھٹو زرداری یہاں مقامی ہوٹل پہنچے جہاں پارٹی کے رہنماؤں اور آزاد جموں و کشمیر کے حکومتی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنان اپنے پارٹی چیئرمین کے استقبال کے لیے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل پر صبح سے ہی انتظار کر رہے تھے۔

پی پی پی کے مقامی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دارالحکومت جانے کو ترجیح دی اور پارٹی کارکنوں کو گھروں کو واپس جانے کی ہدایت کی۔بلاول بھٹو آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کے صاحبزادے کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں پیپلز پارٹی کی مقامی سیاسی قیادت سے ملاقات کریں گےاور پیر کی شام آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کے علاوہ میڈیا سے گفتگو اور دیگر تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ اسلام آباد واپس جانے سے قبل منگل کو ضلع باغ میں ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔

- Advertisement -

آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے سری نگر میں G-20 سربراہی اجلاس اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف پیر کو پورے خطے میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا اعلان کیا ہے جبکہ تاجروں نے دنیا کو گمراہ کرنے کے بھارتی اقدام کے خلاف دارالحکومت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اپنی کابینہ کے ارکان اور سرکاری افسران کے ہمراہ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے قبل دوپہر کو پریس کلب کے سامنے مشہور برہان وانی چوک پر ایک عوامی ریلی کی قیادت کریں گے جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کی شرکت متوقع ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=364404

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں