کوئٹہ۔ 21 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ان کے کامیاب بین الاقوامی سفارتی دوروں سے واپسی پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پاکستان کی موثر ترجمانی، اور مختلف عالمی سفارتی چیلنجز کے حوالے سے سنجیدہ، متوازن اور ذمہ دارانہ موقف قابلِ تحسین ہے۔ یہ ان کی بالغ نظری اور دور اندیش قیادت کا مظہر ہے، جو پاکستان کے مثبت اور پُرامن تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے امید ظاہر کی کہ بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی کوششیں پاکستان کے عالمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔