لاہور۔17اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وایڈمنسٹریٹر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں شہر میں تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی جاری ہے۔ترجمان کے مطابق ڈی سی کی ہدایات پر انسداد تجاوزات مہم کو مزید تیز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد شہر کو غیر قانونی تھڑوں، ریڑھیوں اور اسٹالز سے پاک کرنا ہے۔بلدیہ عظمی لاہور نے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر کے مختلف بازاروں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔
ٹائون شپ میں 6خصوصی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تھڑے اور ریڑھیاں ہٹا دیں، فیصل ٹائون کی مون مارکیٹ سے بھی تجاوزات کا خاتمہ کر کے عوام کے لیے راستے کھول دیئے گئے۔چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا کی قیادت میں گرینڈ آپریشن کیا گیا جس میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔
اس حوالے سے شاہد عباس کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں سے شہریوں کو درپیش آمد ورفت کی رکاوٹوں کا خاتمہ ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کا عزم مضبوط اور یہ مہم عوامی مفاد میں جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ شب بھی ٹائون شپ میں موثر کارروائی عمل میں لائی گئی اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583464