بلوچستان اسمبلی میں قانون سازی ووکالت سے متعلق تربیتی سیشن کاانعقاد ،خواتین ارکان اسمبلی کی شرکت

19

کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ اورصوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ خواتین کی سیاست میں شمولیت کیلئے روابط کو موثر بنانے کی ضرورت ہے ، ویمن کاکس کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں خواتین پارلیمانی کاکس ،صوبائی اسمبلی ،اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کے اشترک سے منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمعرات کو نشست میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، ترقیاتی اداروں، خواتین اراکین اسمبلی، اور متعلقہ اداروں کے افراد نے شرکت کی۔نشست کا مقصد شرکا کو پارلیمانی عمل، قانون سازی، نگرانی و احتساب، اور صنفی ذمے دار پالیسی سازی سے متعلق بہتر فہم اور عملی مہارتوں سے روشناس کرانا تھا تاکہ بلوچستان میں جامع، شراکتی اور جوابدہ حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے۔

نشست کی صدارت ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و چیئرپرسن ویمن پارلیمنٹری کاکس بلوچستان اسمبلی محترمہ غزالہ گولا نے کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ نشست خواتین کی سیاسی شمولیت کو موثر بنانے، سول سوسائٹی سے روابط کو مضبوط کرنے اور قانون سازی کو ہر طبقے کے لیے نمائندہ بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے یو این ویمن کی مسلسل معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے نہ صرف خواتین پارلیمنٹری کاکس کو تقویت ملی ہے بلکہ بلوچستان میں صنفی مساوات پر مبنی پالیسی سازی کو ایک نئی جہت ملی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی قانون سازی کے نظام، اسمبلی کے کردار، قوانین کے مسودے، ترامیم، منظوری کے مراحل، پارلیمانی کمیٹیوں، سوالات، اور تحریکات کی افادیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے شرکا کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے جنہیں شرکا نے تسلی بخش قرار دیا۔نشست کے دوران سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی رکھا گیا جس میں سول سوسائٹی کی جانب سے ممکنہ تعاون کی تجاویز پیش کی گئیں۔ شرکا کو صنفی مساوات سے متعلق اہم قوانین، پالیسی فریم ورکس، بل ٹریکنگ اور پالیسی مانیٹرنگ کے عملی طریقہ کار سے بھی روشناس کرایا گیا۔وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ ہماری خواتین محنت کر رہی ہیں مگر ان کا کام اور کردار منظرِ عام پر نہیں آتا۔ ویمن کاکس کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ ایسے تربیتی سیشنز کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر رکن اسمبلی اور ڈپٹی سیکرٹری ویمن پارلیمانی کاکس بلوچستان اسمبلی شاہدہ رف نے بھی مختصر اظہارِ خیال کیا اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

یو این ویمن بلوچستان کی سب آفس کی سربراہ عائشہ ایوب ودود نے بھی ڈپٹی اسپیکر کے ہمراہ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری بلوچستان میں صنفی حساس حکمرانی اور پالیسی سازی کو عملی طور پر مضبوط کرنے کا ایک بہترین موقع ہے، ہم ویمن پارلیمنٹری کاکس کے ساتھ قریبی اشتراک کو مزید فروغ دیں گے۔آخر میں چیئرپرسن ویمن پارلیمنٹری کاکس بلوچستان اسمبلی غزالہ گولا نے تمام شرکا، سول سوسائٹی، ترقیاتی اداروں، اور یو این ویمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نشست مستقبل میں پارلیمان اور عوامی اداروں کے درمیان ایک پائیدار، مضبوط اور بامقصد ربط کی بنیاد بنے گی۔