کوئٹہ۔ 22 اپریل (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں ناقص اور مضر صحت خوراک کی فراہمی کے مکمل خاتمے کیلئے مختلف اضلاع میں بلا تعطل اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کوئٹہ، خضدار، اورماڑہ اور صحبت پور میں بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیموں نے قوانین کی خلاف ورزی اور غیر معیاری و زائد المعیاد اشیاء خوردونوش کی فراہمی سمیت مختلف وجوہات پر مجموعی طور پر 32 خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کیے۔
ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ شہر میں متفرق خوراک کے مراکز اور کارخانوں کا معائنہ کیا گیا، جہاں صفائی کے ناقص انتظامات، ایس او پیز کی خلاف ورزی اور شہریوں کو غیر محفوظ خوراک کی فراہمی پر متعدد بیکری یونٹس، ہوٹلز، جنرل اسٹورز، فاسٹ فوڈ کارنرز،ایک آئس لولی یونٹ، ایک کلچہ کارخانہ اور بی ایم سی ہسپتال کی کینٹین کے خلاف ایکشن لیا گیا جبکہ ارباب کرم خان روڈ میں دودھ میں خشک پاؤڈر اور پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر ایک دودھ فروش کو بھی جرمانہ کیا گیا۔مزید برآں خضدار میں زونل انسپیکشن ٹیم نے پانچ کنفیکشنری و جنرل اسٹورز سے زائد المعیاد بسکٹ، کیک، چاکلیٹ، پیکٹ مصالحے اور مضر صحت چائنیز نمک کی بڑی مقدار ضبط کرکے تلف جبکہ متعلقہ دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے۔
اسی طرح اورماڑہ میں ایک ہول سیلر اور دو جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ و ممنوعہ خوردنی اشیاء قبضے میں لی گئیں۔ صحبت پور میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر ایک پولٹری شاپ اور ایک ہوٹل کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
تمام چھوٹے بڑے مراکز و خوراک کے صنعتی یونٹس اور کارخانوں کی بلا تعطل انسپیکشن کا عمل جاری رہے گا۔قوانین کی خلاف ورزی یا بی ایف اے کی وضع کردہ ایس او پیز کی عدم پیروی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اس ضمن میں ذاتی مفاد کیلئے معصوم شہریوں کی صحت کا خیال نہ رکھنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586077