کوئٹہ۔ 19 مئی (اے پی پی):کوئٹہ میں پیر کوہزار ہ ثقافت کا دن پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلہ میں علمدار روڈ پر واقع یزدان خان اسکول میں مرکزی تقریب کاانعقاد کیاگیاجس میں ہزارہ برادری کے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،تقریب میں ہزار ہ ثقافت سے متعلق مختلف اسٹال لگائے گئے تھے، جن میں روایتی کھانے، دستکاری اور ثقافتی ملبوسات شامل تھے۔ ان اسٹالوں نے شرکائکی بھرپور توجہ مبذول کرائی اور لوگوں نے ہزار ہ کے کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ ثقافتی ملبوسات میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی،تقریب کا باضابطہ افتتاح بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر عبد الخالق ہزارہ نے کیا۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے، جہاں بلوچ، پشتون اور ہزار ہ ثقافتیں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنی ثقافت کو بھرپور طریقہ سے مناتی ہیں اور ہر سال 19 مئی کو ہزار ہ ثقافت کا دن اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے عبد الخالق ہزارہ نے کہا کہ ثقافت کا دن منانے کا مقصد صوبے میں بسنے والی تمام اقوام کو امن اور بھائی چارے کا پیغام دینا ہے، تقریب کے دیگر شرکاءکا کہناتھا کہ اس طرح کی تقریبات سے نہ صرف اپنی ثقافت کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے بلکہ دیگر ثقافتوں کو بھی ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598811