بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بلوچستان پولیس کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے،آئی جی پولیس بلوچستان

188

کوئٹہ۔ 18 فروری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے، پولیس کے 108 جوان اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کیساتھ ساتھ مختلف کھیلوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں، بلوچستان میں عوام کی جان و مال، امن و امان کا قیام، سکیورٹی کی فراہمی سے متعلق توقعات ہوتی ہیں، پولیس کے جوان ان توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنی جانوں کی بازی لگا رہے ہیں، بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مختلف کھیلوں میں پولیس کے جوان اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پولیس کے اعزازی ڈی ایس پی و باکسر خیر سگالی سفیر شعیب خان زہری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر کھیل و ثقافت مینا مجید بلوچ، رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ، بلوچستان پولیس کے سینئر آفیسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے صوبائی مشیر کھیل و ثقافت مینا مجید بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ کی موجودگی میں ایشین چیمپئن شعیب خان زہری کو ڈی ایس پی کے اعزازی رینکس لگائے۔

آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے کہا کہ میرے لیے اور بلوچستان پولیس کیلئے فخر کی بات ہے کہ شعیب زہری جیسے بلوچستان کے عظیم سپوت پولیس کا اعزازی ڈی ایس پی بن رہا ہے، شعیب زہری اور ان جیسے دیگر جوانوں کی مکمل سپورٹ قابل ستائش ہیں ،بلوچستان پولیس کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعداد 1000 سے بڑھ گئی ہے، اقلیتی برادری کی نمائندگی یقینی بنایا جا رہا ہے ،وہ طبقات جن کیلئے مواقع کی کمی ہوتی ہے

انہیں زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں، بلوچستان پولیس 22 کھیلوں میں حصہ لے رہی ہے ،اس وقت 9 سرگرم ٹیمیں ہیں ،108 پولیس جوان مختلف کھیلوں کا حصہ ہیں، 2021 میں مسٹر کوئٹہ کا خطاب بلوچستان پولیس کے حصے میں آیا،2024 کے قومی گیمز میں پولیس نے ٹرافی جیتی تھی،کھیلوں کیلئے سرکار کی طرف سے کوئی الگ فنڈ نہیں ہے لیکن بلوچستان پولیس کے ویلفیئر فنڈز سے ان تمام تر اخراجات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی کو خیبر پختونخوا پولیس کا خیر سگالی سفیر بنایا تھا،میرے لیے ایک بار پھر فخر کی بات ہے کہ شعیب زہری کو خیرسگالی سفیر بنایا گیا۔ بلوچستان پولیس کے اعزازی ڈی ایس پی و خیر سگالی سفیر شعیب خان زہری نے بلوچستان پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے جو عزت بخشی اس پر شکر گزار ہوں ،باکسنگ کے اب تک کھیلے گئے میچز میں کامیابی حاصل کرتا رہا ہوں۔ صوبائی مشیر کھیل و ثقافت مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان پولیس کا صوبے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ہے ،بلوچستان کے نوجوان شعیب زہری کی حوصلہ افزائی جوانوں کو آن کرنا ہے تاکہ دنیا کو پیغام ملے کہ ہمارے نوجوان مضبوط اور انہیں مکمل سپورٹ حاصل ہے،محدود وسائل میں رہتے ہوئے بلوچستان پولیس صوبے میں لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے جس پر پولیس داد کی مستحق ہیں،بلوچستان کا ہر ضلع دہشتگردی کا شکار ہیں ،بلوچستان کا ہر باشندہ اپنے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ ہے،کسی بھی ملک میں امن و امان قائم رکھنے میں عوام کا بڑا کردار ہے ،ہمیں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے رہنے کی ضرورت ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ شعیب زہری کی بلوچستان و پاکستان کا نام روشن کرنے کے جذبہ پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں ،ان کی حوصلہ افزائی پر محکمہ پولیس کی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے ،ہمیں اتحاد، تنظیم اور ایمان کے ساتھ ایک دوسرے کو برداشت کرتے ہوئے ملکر اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں مہمانوں میں سونیئرز تقسیم کئے گئے۔