کوئٹہ۔ 24 جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بنیادی اصلاحات کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،بی ڈی اے نے قابل ذکر ریونیو کمانے اور روزگار پیدا کرنے والے پروجیکٹس شروع کئے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ بی ڈی اے کو بلوچستان کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے 1974 میں منظور کیے گئے ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا لیکن وقت کے ساتھ یہ خود مختار ادارہ کارآمد کے بجائے ایک زمہ واری بن گئی ہے۔
موجودہ صوبائی حکومت اس میں بنیادی اصلاحات نافذ کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ اسے ایک کارآمد اور خود مختار اتھارٹی میں بنایا جائے اور اس مقصد کے لئے مشترکہ منصوبے اور مختلف پروجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جن میں قابل ذکر ریونیو کمانے اور روزگار پیدا کرنے والے پروجیکٹس میں پسنی فش پروسیسنگ پلانٹ، مسلم باغ کرومائیٹ بینیفیکشن پلانٹ اور گڈانی ماربل فیکٹری شامل ہیں۔ اور اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبے جیسا کہ 92 کلومیٹر سپیرا راگا اور 91 کلومیٹر ژوب میر علی خیل سڑک بھی BCD بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دیگر اصلاحات میں ہانگ کانگ انٹرنیشنل کنونشن 2009 کے مطابق بادینی ٹرمینل اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کو بہتر کرنا بھی زیر غور ہے ۔