بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 75لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

218
غیر وابستہ تحریک کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس ، تحریک کے چیئرمین الہام علیوف کی کووڈ-19 کے باعث دنیا پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک اور بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز

واشنگٹن۔15ستمبر (اے پی پی):بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقریباً 75لاکھ ڈالر (7.5ملین ڈالر)امداد کا اعلان کیا ہے، فائونڈیشن نے ملک میں ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشنز کو فروغ دینے کے لیے اپنی موجودہ گرانٹ کو ری پرپوز کردیا۔

اس بات کا اعلان صدر گلوبل ڈویلپمنٹ آف بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کرسٹوفر الیس نے امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کو بھیجے گئے ایک خط میں کیا۔ خط میں کہا گیا کہ فائونڈیشن کا انسداد پولیو پروگرام سیلاب سے انتہائی متاثرہ اضلاع میں کراچی کی آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے لگائے گئے 1200میڈیکل کیمپوں کی مدد بھی کرے گی۔

مزید برآں فاؤنڈیشن سیلاب کے باعث بے گھر حاملہ خواتین کی دیکھ بھال ، بچوں کی پیدائش اور دیگر خدمات کو وسعت دینے کے لیے 3 زچگی ہسپتالوں کو مزید مدد فراہم کرے گی ۔ کرسٹوفر الیس نے پاکستانی سفیر کو بتایا کہ فائونڈیشن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی فراہمی اور ہنگامی نقد رقم کی منتقلی کے لیے 40لاکھ ڈالر فعال گرانٹ مختص کر رکھی ہے۔

انہوں نے سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی اور نقصانات پر گہری ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے خط میں کہا کہ یہ واقعی ایک قومی المیہ ہے جس نے دنیا کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد ،ان کی زمینیں اور ان کے گھروں کو سیلاب کی زد میں دیکھ کر بہت اافسوس ہوا ہے۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے امداد کے اعلان پر بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی سفیر نے 26اگست کو بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کو خط میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس تباہی اور مشکلات سے نمٹنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ، پاکستان کے عوام انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آپ کی جانب سے کی جانے والی امددا کو سراہیں گے۔