بنگلہ دیشی ٹیم فتح کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی،انگلینڈ فاتح

117

بنگلہ دیشی ٹیم فتح کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی،انگلینڈ فاتح
انگلینڈ نے میزبان ٹیم کو پہلے ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد 21 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بین سٹوکس کی شاندار سنچری، امرالقیس کی سنچری اور شکیب کی ففٹی ناکافی ثابت، جیک بال میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
ڈھاکہ ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) بین سٹوکس کی شاندار سنچری اور جیک بال کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 21 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز می 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بنگلہ دیشی ٹیم 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47.5 اوورز میں 288 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، امرالقیس کی 112 اور شکیب الحسن کی 79 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، جیک بال نے اپنے آخری 4 اوورز میں 3 وکٹیں لیکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، بنگال ٹائیگرز نے 17 رنز پر آخری 6 وکٹیں گنوائیں اور شکیب الحسن کی وکٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی، بین سٹوکس کی101 جوز بٹلر کی 63 اور بین ڈیکٹ کی 60 رنز کی اننگز کے بعد جیک بال نے ریکارڈساز باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے میزبان ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ جیک بال کو تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔