بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام

283
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی

راولپنڈی ۔2ستمبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام تمام میل/فی میل ریذیڈنٹ انسپکٹرز/ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز/سپرنٹینڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹینڈنٹس کے لیے کپس کالج سکس روڈ راولپنڈی میں آمدہ امتحان میٹرک سیکنڈ اینول 2023 کی تیاری کے سلسلے میں ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع راولپنڈی کے میل/ فی میل ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز/ریذیڈنٹ انسپکٹرز/سپرنٹینڈنٹس/ڈپٹی سپرنٹینڈنٹس نے کثیر تعداد میں شرکت کی،

ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا کہ قواعد و ضوابط کا ہر حال میں خیال کرنا ہے اور تمام امیدواران کو پرسکون اور صاف شفاف ماحول مہیا کرنا ہے، انہوں نے ریذیڈنٹ انسپکٹرز پر زور دیا کہ وہ کسی بھی شخص کو موبائل فون امتحانی مراکز کے اندر لے کر جانے کی اجازت نہ دیں، امیدواران اور عملے کے لیے ٹھنڈے پانی اور بجلی کا مناسب انتظام کریں،

کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا امیدوار کے عزیز واقارب کو دوران امتحان امتحانی سنٹر کے قریب نہ آنے دیں، انہوں نے تمام ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز کو ہدایت کی وہ سوالیہ پرچوں والے لفافے سپرنٹنڈنٹس کے حوالے کرتے وقت ڈیٹ شیٹ سیشن مضمون کوڈ اور گروپ کو بغور چیک کریں تاکہ غلط پرچہ نہ کھل جائے، انہوں نے سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ وہ انتہائی فرض شناسی اور ایمانداری سے بلا خوف و خطر امتحان لیں، کسی قسم کی غلط کاری میں ملوث نہ ہوں، ہر امیدوار کو اس کی تیاری کے مطابق امتحان دینے کا موقع دیں، نہ کسی سے زیادتی کریں اور نہ کسی کو ناجائز فائدہ پہنچائیں، کوئی بھی خلاف قانون بات چاہے جو شخص بھی کہے اس کی تعمیل کرنے سے صاف انکار کر دیں،

انہوں نے واضح کیا کہ سوالیہ پرچوں والے لفافوں کو کسی صورت وقت مقررہ سے پہلے نہ کھولا جائے اور پیپر کھلنے کے بعد کسی امیدوار کو امتحانی سنٹر میں داخل نہ ہونے دیا جائے، آخر میں انہوں نے کہا کہ جس طرح کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور تمام ضلعی انتظامیہ نے امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2023 میں تعاون کیا اور امتحان کو کامیاب کرنے میں اپنا کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے اور ہم ان کے شکر گزار ہیں ، امید کرتے ہیں کہ کمشنر راولپنڈی اور چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اسی طرح امتحان سیکنڈ اینول 2023 کو کامیاب کرانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اور ہماری رہنمائی فرمائیں گے،

حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں تمام کمشنرز ، آر پی او ، تمام ضلع انتظامیہ اپنے اپنے کنٹرول روم سے تمام امتحان کو مانیٹر کریں گے اور کسی بھی شکایت کوتاہی / غفلت یا کرپشن کی صورت میں فوری طور پر اس امتحانی عملے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔