فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک پارٹ فرسٹ، سیکنڈ و کمپوزٹ (سیکنڈ)سالانہ 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی، پی ایس ٹو چیئرپرسن احسان احمد،پی آر اورضوان احمد جوئیہ آفتاب احمد اور سید ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر بھی اَپ لوڈ ہو گیا۔
اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان میٹرک پارٹ فرسٹ، سیکنڈ و کمپوزٹ (سیکنڈ) سالانہ 2023 میں کل13783طلبا وطالبات شریک ہوئے جن میں سے6345پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب46.03فیصد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباء وطالبات کیلئے 42 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ اس موقع پرڈویژنل کمشنرو چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق مارکنگ کا عمل انتہائی احتیاط، محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے
تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشا اللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج شفاف اور غلطیوں سے مبرا ہیں تاہم طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے جو بچے اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق تذبذب یاغیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں ایسے طلبا وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔