ایبٹ آباد۔ 05 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 بٹگرام نے عید الاضحیٰ کے لیے ایمرجنسی پلان جاری کر دیا۔ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 بٹگرام نے عید الاضحیٰ کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف حٹک نے تمام ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے عملے کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں عید کے دوران مختلف عیدگاہوں کے باہر تعینات رہیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر طریقے سے سدباب کیا جا سکے،آن کال افسران کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام ایمرجنسی گاڑیوں،آلات اور طبی سہولیات کی مکمل تیاری کو یقینی بنادیا گیا ہے۔ریسکیو حکام نے عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو سروس 1122 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔