اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی نے 27 اکتوبر کو بھارتی تسلط کے تحت کشمیر کے سیاہ ترین دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور نہ ختم ہونے والے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ پی ٹی وی نیوز پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے ناجائزتسلط کا آغاز ہوا، جس نے کشمیر کو تاریکی، تشدد اور انسانی مصائب کے دور میں دھکیل دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی حق خود ارادیت اور آزادی کے لیے غیر متزلزل جدوجہد کی ایک پُرجوش یاد دہانی کا مظہر ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار کو تسلیم کرے اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت کرے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو شروع ہونے والا جموں اور کشمیر پر بھارت کا قبضہ، بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں سے عبارت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کی آزادی کی جائز جدوجہد کو دبانے کی کوشش کرتے ہوئے خطے میں بڑے پیمانے پر فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔