اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ شہدائے وطن کو سلام جن کی بے مثال قربانیوں کی بدولت معرکہ حق میں فتح نصیب ہوئی ،بزدل دشمن نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی رات کے اندھیرے میں حملہ کیا۔ یوم تشکر پراپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو عبرتناک سبق سیکھا کر شکست فاش دی۔
طاقت کے گھمنڈ میں مست دشمن چند گھنٹے بعد ہی میدان چھوڑ کر بھاگ گیا۔پاکستان کے شاہینوں نے 6 بھارتی طیاروں کو خاک کی دھول چٹا کر فضائی جنگ میں نئی تاریخ رقم کی۔ پاکستان کی جری مسلح افواج نے دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دے کر عظیم کامیابی کا سنہرا باب رقم کیا ۔ محسن نقوی نے کہا کہ یہ افواج پاکستان کے ساتھ خوددار اور باوقار پاکستانی قوم کی فتح ہے جس پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، چیف آف ایئر سٹاف ظہیر احمد بابراور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔تینوں سروسز چیفس کی دانشمندانہ اور جراتمندانہ قیادت میں بہادر سپوتوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597664