اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) بھارتی سابق کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنا وزیراعظم عمران خان کا مثالی اقدام ہے جس سے عوام کے عوام سے روابط میں اضافہ ہوگا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے سدھو نے کہا کہ 71 سالوں میں کسی نے بھی کرتار پور راہداری نہیں کھولی تاہم ان کے دوست عمران خان نے صرف تین ماہ کے مختصر عرصہ میں یہ کام کردیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ میں اس وقت سے ہی عمران خان کا مداح ہوں جب میں بچہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہداری سے عوام کے عوام سے روابط فروغ پائیں گے اور پاکستان و بھارت میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 28 نومبر کو راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تین ماہ قبل جو بیج بویا آج وہ درخت بن گیا ہے۔ میں پاکستانی وزیراعظم اور حکام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔