بھارت سے شکست ٹیم کیلئے ویک اپ کال ہے، پاکستانی ہیڈ کوچ بریڈ برن

117
پاکستانی ہیڈ کوچ بریڈ برن

کولمبو۔12ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست ٹیم کیلئے ویک اپ کال اور کھلاڑیوں کواپنی کارکردگی بہتر کرنے کا موقع ہے، پاکستان ٹیم گزشتہ تین ماہ سے کوئی میچ نہیں ہاری، شکست سے غلطیاں سدھارنے کا موقع ملے گا۔

اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اس طرح کی شکست سے ہمارے لئے غلطیوں کو سدھارنے کا شاندار موقع ہے، ہماری بیٹنگ لائن نے ابھی تک اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کیا لیکن ہمیں ان پر بھروسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سکواڈ میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں جو سخت محنت کررہے ہیں، اگر پلیئنگ الیون میں تبدیلی ہوئی تو وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہماری فیلڈنگ اچھی نہیں تھی جس پر ہمیں محنت کرنا ہوگی، ہمارے پاس بہترین فیلڈرز موجود ہیں جو اچھے کیچز بھی کررہے ہیں لیکن بھارت کے خلاف میچ میں فیلڈنگ اچھی نہیں رہی۔