27.7 C
Islamabad
اتوار, جون 1, 2025
ہومقومی خبریںبھارت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں شہریوں...

بھارت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کا خاتمہ کرے، کشمیری عوام کے خلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال سے باز رہے، ترجمان دفتر خارجہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان نے ایک بار پھر بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کا خاتمہ کرے اور کشمیری عوام کے خلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال سے باز رہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ اس عید پر بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں کو ایک بار پھر عید کی خوشیوں میں شرکت سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور مرکزی عیدگاہ میں نماز عید کی ادائیگی پر پابندی لگادی، جامعہ مسجد کے مہتمم اور ممتاز کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق اگست 2019 سے مسلسل گھر میں نظر بند ہیں اور وہ 200 سے زائد ہفتوں سے جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب نہیں کر سکے۔

- Advertisement -

ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ میر واعظ عمر فاروق کو رہا کیا جائے اور کشمیریوں پر عائد ان پابندیوں کو ختم کیا جائے جو انہیں آزادی سے اپنے مذہب پر عمل کرنے سے روکتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے ہم کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کو بھی یاد کرتے ہیں، جن کی ساتویں برسی 8 جولائی کو منائی جائے گی۔ برہان وانی ان سینکڑوں کشمیری نوجوانوں میں سے ایک تھا جو بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کا نشانہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی مقامی تحریک آزادی کی آواز کے طور پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہم ایک بار پھر بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ماورائے عدالت قتل کا خاتمہ کرے اور کشمیری عوام کے خلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال سے باز رہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=372722

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں