بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کرگئی، 35 ہزار سے زائد افراد ہلاک

70

نئی دہلی ۔ 30 جولائی (اے پی پی) بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے اب تک35 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 52123 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وقت ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد1587982ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں اب تک کورونا سے متاثرہ 1022565 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ بھارت کی بیشتر ریاستوں میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کے مقابلے کورونا وائرس کے نئے کیسوں کی وجہ سے فعال مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست مہاراشٹر میںگذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1435نئے مریض سامنے آگئے ہیں۔ مہاراشٹر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جنوبی بھارت کی ریاست کرناٹک میں 3 ہزار نئے مریضوںکے بعد کورونا کے فعال کیسوں کی تعداد 67456 ہوگئی ہے۔ ریاست میں اب تک اس مہلک وائرس سے2147 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 52123 نئے کیس درج ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1583792 ہوگئی ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں اس وقت 530382 فعال کیس ہیں۔ اس وبا کی وجہ سے اب تک 35035افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔