بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 8 لاکھ71 ہزار سے تجاوز

80

نئی دہلی ۔11فروری (اے پی پی):بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 8 لاکھ71 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ55 ہزار399 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 10871060ہے، ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد144032ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اب تک155399افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ10571629افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر کے علاوہ تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست مہاراشٹر میں ہوئی ہیں، ریاست تامل ناڈو اور آندھرا پردیش میں بھی کورونا سے ہزاروں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ ریاست پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث 14 مزید افراد کی ہلاکت کے بعد ریاست میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 5675 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق ریاست پنجاب میں اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔