اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہندوستان پہلگام واقعہ کو اسٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کر رہا ہے، کسی بھی ثالثی سے پہلے پہلگام واقعہ کے حقائق کو سامنے لایا جانا چاہئے۔ ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات پاکستان کو معاشی اور سفارتی طور پر کمزور کرنے کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آئی ایم ایف جیسے بین الاقوامی اداروں اور دیگر اقتصادی فورمز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں سے بے چین ہے جس کی وجہ سے انہوں نے تخریب کاری کا منصوبہ بنایا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور ثالثی کی بھی پیشکش کی جس پر بھارت ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ مودی حکومت کے سیاسی فائدہ حاصل کرنے اور کھوئی ہوئی مقبولیت کو بحال کرنے کے لئے رچایا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ثالثی سے پہلے پہلگام واقعہ کی سچائی کو ثابت کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے جلد عالمی بینک سے رابطہ کرے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کا جنگی جنون علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شفاف بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے نے بھارت کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592004